اسلام آباد (الفجر آن لائن) خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود نئے مالی سال کے پہلے ماہ پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات پاکستان نے جولائی 2026 کے تجارتی اعدادوشمار جاری کر دیے۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2026 میں ماہانہ بنیادوں پر پاکستان کی برآمدات میں 31.09 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر برآمدات 9.54 فیصد بڑھ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2026 میں پاکستان کی برآمدات کا حجم 2 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا، جو جون 2026 میں 2 ارب 24 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا۔
جولائی 2025 میں برآمدات کا حجم 2 ارب 68 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھاادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2026 میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 3 ارب 94 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا۔
سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 25.17 فیصد اضافہ ہوا، تاہم ماہانہ بنیادوں پر جولائی میں تجارتی خسارہ 15.22 فیصد کم ہوا۔اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2026 میں پاکستان کی درآمدات کا حجم 6 ارب 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا۔
نئے مالی سال کے پہلے ماہ سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں 17.99 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ماہانہ بنیادوں پر درآمدات میں 0.17 فیصد کمی ہوئی۔
تجارتی اعدادوشمار کے مطابق برآمدات میں نمایاں ماہانہ اضافہ ملکی برآمدی شعبے کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہے، تاہم درآمدات میں سالانہ اضافے کے باعث تجارتی توازن پر دباؤ برقرار ہے۔

