کوئٹہ (الفجرآن لائن) ماہِ اگست کے آغاز کے ساتھ ہی بلوچستان بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات اور سرگرمیوں نے زور پکڑ لیا ہے۔ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں سبز ہلالی پرچم تلے قومی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کھیلوں کے میدان آباد ہیں، جبکہ نوجوانوں سمیت عوام کی جشنِ آزادی کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت جاری ہے۔
کوئٹہ کے موسیٰ اسٹیڈیم میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے آزادی ایتھلیٹس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ 7
اگست سے جاری رہنے والے ان مقابلوں کا فائنل 9 اگست کو کھیلا گیا۔جشنِ آزادی کی ان سرگرمیوں کے دوران کوئٹہ کی باصلاحیت باکسر عابدہ بتول نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیلوں کے میدان میں بلوچستان کی خواتین کے لیے ایک نئی مثال قائم کردی۔
عابدہ بتول نے باکسنگ کے اپنے پہلے انٹرنیشنل مقابلے میں سری لنکن حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ ان کی کامیابی کو بلوچستان کی نوجوان خواتین کے لیے حوصلہ افزا مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
باکسر عابدہ بتول کا کہنا ہے کہ کسی ایک مقصد پر پوری توجہ مرکوز رکھنے سے کامیابی کے جذبے میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو نہ صرف اپنے لیے بلکہ*ملک اور بلوچستان کے لیے بھی آگے آنا ہوگا** اور اپنی صلاحیتوں کو منوانا ہوگا۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی توانائیاں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں میں صرف کریں اور کھیلوں کے ذریعے ملک کا نام روشن کریں

