اسلام آباد(الفجرآن لائن) بجلی صارفین کے لیے ایک اور تشویشناک خبر سامنے آگئی، رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
اس سلسلے میں بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کردی گئی ہے، جس کی منظوری کی صورت میں صارفین پر تقریباً 23 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
درخواست کے مطابق دوسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ میں کیپسٹی چارجز کی مد میں 49 ارب 74 کروڑ 60 لاکھ روپے کی وصولی شامل ہے، جبکہ آپریشن اینڈ مینٹیننس اخراجات کی مد میں 4 ارب 95 کروڑ 50 لاکھ روپے وصول کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
دوسری جانب سسٹم کے استعمال کے چارجز کی مد میں 13 ارب 51 کروڑ 70 لاکھ روپے کی کمی بھی درخواست کا حصہ ہے۔درخواست میں انکریمنٹل پیکیج کے تحت بجلی صارفین کو 21 ارب 17 کروڑ روپے سے زائد کی واپسی بھی شامل کی گئی ہے۔
نیپرا کی جانب سے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست پر 12 اگست کو سماعت کی جائے گی۔ سماعت کے بعد مجموعی ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کی حتمی صورتحال سامنے آئے گی۔
درخواست میں شامل مختلف مالیاتی ایڈجسٹمنٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے مجموعی طور پر بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

