اسلام آباد (الفجرآن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی 17اگست سے شروع ہوگئی۔سرکاری حج سکیم کے لیے 12لاکھ جبکہ شارٹ حج کے لیے 13لاکھ جمع کرنے ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے حج کو مکمل ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے،انہوں نے کہا حبیب بینک کو درخواستیں وصول کرنے کا اختیار دیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر اگلے حج کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔
عازمین کو طویل قطاروں اور اضافی اخراجات سے بچانے کے لیے حج درخواستوں کی وصولی کا نظام آن لائن اور خودکار بنایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے حبیب بینک آف پاکستان کے ساتھ حج درخواستوں کی وصولی کے معاہدے کی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے کہا کہ حبیب بینک کو پورے پاکستان میں حج درخواستیں لینے کا مجاز قرار دیا گیا ہے۔
بینک کی 1700 سے زائد برانچز کے ذریعے خدمات فراہم کی جائیں گی، جس سے تقریباً 96 فیصد لوگوں کو قریبی برانچ دستیاب ہوگی۔ بیرون ملک مقیم افراد اپنے عزیزوں کے لیے کارڈ کے ذریعے ادائیگی کر سکیں گے۔
اس موقع پر حبیب بینک کے ہیڈ آف اسلامک بینکنگ محمد اسد خان نے کہا کہ بینک کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ عازمین حج سے درخواستیں وصول کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکنگ کے تحت عازمین سے کوئی چارجز یا منافع نہیں لیا جائے گا اور شریعہ کمپلائنس خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل سروسز بھی دستیاب ہوں گی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ چار لاکھ رجسٹرڈ درخواست گزار اب آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری حج اسکیم کی تعداد 1 لاکھ 7 ہزار 526 جبکہ شارٹ حج کے لیے 30 ہزار کوٹہ مقرر کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ درخواستیں“پہلے آئیے، پہلے پائیے”کے اصول پر وصول کی جائیں گی اور کوٹہ مکمل ہوتے ہی وصولی بند کر دی جائے گی۔
جو افراد اس سال رہ جائیں گے انہیں اگلے سال کی ویٹنگ لسٹ میں شامل کر لیا جائے گا۔انیوں نے کہا کہ پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی جبکہ دوسری قسط ستمبر کے پہلے ہفتے یا اکتوبر میں وصول کی جائے گی

