پنجگور (الفجر آن لائن) سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کرتے ہوئے پنجگور کے علاقے سرکینی، چھیدگی میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے، جس کے دوران اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی دہشتگردوں کی علاقے میں موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز، بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد پنجگور میں مقامی تاجروں اور دیگر شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا اور دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوششوں میں سرگرم تھے

