اسلام آباد(الفجرآن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے اراکین اسمبلی کے احتجاج کی کال توقع کے برعکس ناکام ہو گئی۔ پارٹی قیادت کی اپیل کے باوجود میدان میں صرف مٹھی بھر پارلیمنٹیرینز ہی پہنچ سکے۔
گزشتہ رات ہونے والے پارٹی اجلاس میں تمام پارلیمنٹیرینز کو پیر کی صبح دس بجے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔
لیکن مقررہ وقت پر ہائیکورٹ کے باہر صرف چھ اراکین ہی دکھائی دیے۔ ان میں علی محمد خان، سینیٹر مشعال خان یوسفزائی، سینیٹر فلک ناز چترالی، شفقت اعوان اور جنید اکبر شامل تھے۔
پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ بھی کچھ دیر کے لیے ہائیکورٹ کے باہر آئے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد روانہ ہو گئے۔ احتجاج کے پیش نظر ہائیکورٹ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ قیدی وینز بھی کھڑی کی گئی تھیں۔
اراکین کی کم تعداد پر سلمان اکرم راجہ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے ہی پارٹی اراکین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "میں نے گڑگڑا کر ان سے التجاء کی تھی کہ ہائیکورٹ کے باہر پہنچیں۔
کہاں ہیں یہ سارے لوگ؟ کیوں نہیں آئے؟ میں سب کے نام سامنے لاؤں گا”۔احتجاج کی کال کے باوجود اکثریت کے غیر حاضر رہنے سے پارٹی کی حکمت عملی پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں۔

