لاہور (الفجرآن لائن) ریسٹورنٹس،ہوٹلز اور میرج ہالز میں بڑے پیمانے پر ٹیکس ادائیگی میں ہیر پھیر پر پنجاب ریونیو اتھارٹی ان ایکشن۔۔۔پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صوبہ بھر میں کچی رسیدوں کے اجراء پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ترجمان پی آر اے کے مطابق تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز پر ای آئی ایم ایس کا نفاذ لازم ہوگا۔ ای آئی ایم ایس کے تحت رسید نہ جاری کرنیوالوں کو 4 لاکھ سے 10 لاکھ تک جرمانہ عائد ہوگا۔ قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنیوالوں کا ایک ماہ تک کاروبار سیل ہوگا۔
کار سرکار میں مداخلت اور سیلز ریکارڈ میں خردبرد یا عدم فراہمی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاؤہ ازیں صارفین کو کچن آرڈر سلپس، غیر ادا شدہ بل جیسی رسیدوں کے اجراء پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی۔
صارفین کو کاروبار کے نام،پتہ، رسید نمبر اور پی آر اے کیو آر کوڈ والی رسید جاری کرنا لازمی ہوگا۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر تمام اضلاع کے کمشنرز نے نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں۔ اس ضمن میں انفورسمنٹ افسران قوانین کی خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی یقینی بنائیں گے

