لاہور (الفجرآن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اہم وژن ہے، جس کے تحت دہائیوں سے پیاس اور پانی کے حصول کے لیے طویل مسافت طے کرنے
والے خاندانوں کو ان کی دہلیز پر مفت صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا نیا سنگ میل ہے جس پر پوری قوم فخر اور خوشی منا رہی ہے۔
جبکہ سندھ میں 18 سال سے حکومت کرنے والوں کو پنجاب کو گورننس کے بھاشن دینے کے بجائے اپنے صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل، بالخصوص پانی، صفائی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر پر توجہ دینی چاہیے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولیات کے حوالے سے حقائق سب کے سامنے ہیں۔
ان کی جان کو خطرے کا بیانیہ محض سیاسی پروپیگنڈا ہے کیونکہ جھوٹ اور پروپیگنڈے کی بھی ایک شیلف لائف ہوتی ہے اور آخرکار سچ سامنے آ ہی جاتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت لوکل باڈیز انتخابات کے لیے مکمل تیار ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے حصے میں ایک بار پھر عزت لکھی گئی ہے۔
مکہ معاہدہ پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے اور پوری قوم اس کامیابی کو فخر اور خوشی کے ساتھ منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کے بعد پوری دنیا کے تجزیہ کاروں اور میڈیا نے اسے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا تھا اور اس وقت یہ بات بھی سامنے آ رہی تھی کہ مزید ممالک اس معاہدے کا
حصہ بن سکتے ہیں، جس کا عملی اظہار ترکیہ کی شمولیت سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ جسے عزت دے اسے دنیا کی کوئی طاقت ذلت نہیں دے سکتی۔
پاکستان کے خلاف سازشوں اور بے بنیاد بیانیوں کے باوجود اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں اپنی صلاحیت اور مقام منوانے کے مواقع دیے ہیں۔

