مظفر آباد (الفجرآن لائن) ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس ایس ایس پی خاور شوکت نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے انتخابات کے ذریعے جمہوری راستہ اختیار کیا اور اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا، جس سے نہ صرف ریاستی رٹ بحال ہوئی بلکہ شفاف انتخابات کا عمل بھی مکمل ہوا۔
عوامی حقوق کی آڑ میں پرتشدد کارروائیاں، ریاستی اداروں پر حملے اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنا کسی صورت قانون سے بالاتر نہیں ہوسکتا۔ راولاکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس ایس ایس پی خاور شوکت نے کہا کہ انتخابات کے پْرامن انعقاد کے لیے تعینات سیکیورٹی فورسز اور دیگر اہلکاروں پر عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کی جانب سے حملے کیے گئے۔
انتخابی ڈیوٹی پر مامور 8 ہائی وے پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغوا کرکے ان پر تشدد کیا گیا اور ان کے ساتھ انسانیت سوز سلوک روا رکھا گیا۔
ترجمان نے کہا تشویشناک بات یہ ہے کہ مغوی اہلکاروں کے اہل خانہ کو بھی دھمکی دی گئی کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اغوا کیے گئے تمام اہلکاروں کو قتل کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مبینہ پرتشدد کارروائیاں کوئی نئی بات نہیں، گزشتہ 4 برس کے دوران آزاد کشمیر اور اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو قتل اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
بعض اہلکاروں کو پہاڑوں سے گرا کر بھی ہلاک کیا گیا، جبکہ راولاکوٹ میں سی ایم ایچ کے باہر آزاد کشمیر پولیس کے ایک اہلکار کو سرعام قتل کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ تمام واقعات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی پْرامن نہیں بلکہ انتشار اور تشدد کے ذریعے ریاستی نظام کو مفلوج کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
اس کا مقصد ریاستی عمل کو متاثر کرنا، ریاستی رٹ کمزور کرنا اور ریاستی اداروں کو کمزور کرکے اپنے مطالبات منوانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور آج بھی صبر و برداشت سے کام لے رہی ہے، تاہم ریاست کے تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
جہاں بھی ریاستی رٹ کو چیلنج کیا جائے گا، وہاں قانون اور آئین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بچوں اور خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کرکے عوام کو گمراہ کرنا اور ریاست کے خلاف اکسانا بھی اسی مبینہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔
آزاد کشمیر کے عوام نے انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے واضح کردیا ہے کہ وہ پْرامن ہیں اور تشدد، انتشار اور افراتفری کو مسترد کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ عوام نے انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد عزائم کو مسترد کردیا ہے۔

