چمن(الفجرآن لائن) بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں صفائی کی ناقص صورتحال پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی برہمی کے بعد ضلعی انتظامیہ چمن نے ہنگامی بنیادوں پر شہر میں صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لیے بھاری مشینری اور اضافی افرادی قوت کو متحرک کردیا گیا ہے جبکہ صفائی کا عمل دن رات جاری ہے شہر کے مختلف علاقوں، اہم شاہراہوں، بازاروں اور عوامی مقامات سے کچرے اور غلاظت کو ہٹانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جنہیں بھاری مشینری کی معاونت بھی حاصل ہے۔
صفائی مہم کے دوران سڑکوں اور گلیوں سے کچرا اٹھانے، نکاسی آب کے مسائل دور کرنے اور شہر کی مجموعی صفائی کی صورتحال بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کی روشنی میں صفائی کے عمل کو محض ایک روزہ سرگرمی تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ شہر میں صفائی کے مستقل نظام کو مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ عملے کو صفائی کے کام کی مؤثر نگرانی اور شہریوں کو بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

