کوئٹہ(الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار اور قلات کے بارڈر ایریا شور پرود میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شور پرود آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کو سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کے عزائم ناکام بنائے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ فخر ہیں۔ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور امن دشمن عناصر کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں بلوچستان میں امن کے دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں کہ ریاست عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گرد عناصر کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے، جبکہ امن و امان کے استحکام کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

