اسلام آباد( الفجر آں لائن)اسلام آباد کے علاقے گلبرگ گرینز میں کال سینٹر کے اندر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 284 غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا اور انکے ویزے منسوخ کر دئیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق گلبرگ گرینز سے گرفتار ہونے والے تمام غیر ملکیوں کو 15 روز میں پاکستان سے واپس بھیج کر ان کے نام بلیک لسٹ اور فارنرز کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گلبرگ گرینز میں واقع پلازہ سب جیل قرار دے دیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا جس کے مطابق تاحکم ثانی پلازہ کو سب جیل کا درجہ حاصل رہے گا۔
انتظام ایف آئی اے کے ذمہ ہوگا۔ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان کے مطابق تحقیقات میں انتہائی تشویش ناک اور بھیانک انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ملزمان لڑکیوں کی جعلی شناخت بنا کر پاکستانیوں سے رابطے کرتے تھے، مختلف ایپلی کیشنز پر سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں کو لوٹتے تھے۔
ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے کئی پاکستانی شہریوں کو مالی نقصان پہنچایا۔
گرفتار غیر ملکیوں کے مقامی سہولت کاروں اور ہینڈلرز کا بھی سراغ مل گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض سرکاری اہل کاروں کی ممکنہ معاونت کے پہلو کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

