اسلام آباد(الفجرآن لائن)چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتی کیلئے اہم پیشرفت ہوئی ہے اورامکان ہے کہ وزیر اعظم شہبازشریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے مابین ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی۔
اپوزیشن لیڈر اور حکومتی وفد کے درمیان ملاقات کی اندرونی تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اہم تعیناتیوں پر عمل شروع کرنے کے لیے تیار ہو گئی ہے۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز وفاقی وزرا پر مشتمل حکومتی وفد نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے اپوزیشن لیڈر کو پرائم منسٹر ہاؤس آنے کی دعوت دی تھی تاہم محمود اچکزئی نے پی ایم ہاؤس جانے سے معذرت کر لی اور کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے کمرہ دستور میں وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
حکومتی وفد نے اپوزیشن لیڈر کی اس تجویز پر رضامندی ظاہر کی۔ملاقات کے دوران حکومتی وفد نے محمود اچکزئی کو بتایا کہ وزیر اعظم
شہباز شریف 19 اگست تک ان کے خط کا تحریری جواب دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے کہا کہ پارلیمنٹ ہم سب کا مشترکہ فورم ہے اور الیکشن کمیشن کی تعیناتی آئینی ضرورت ہے۔
انہوں نے حکومتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی حالات ہمیں آپ سے بات کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ اگر آپ خلوص نیت سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو ہم تعاون کریں گے۔
ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور مذاکرات کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزراء نے اپوزیشن لیڈر سے کہا کہ وزیر اعظم اور آپ کی ملاقات کے بعد راستے کھل جائیں گے۔

