گوادر (الفجر آن لائن) اورماڑہ کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر باؤزر اور کار میں خوفناک تصادم، 6 افراد جاں بحق تفصیلات کے مطابق کوسٹل ہائی وے N-10 پر زون-I اورماڑہ کے علاقے B2 میں باؤزر اور ٹویوٹا کرولا کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق افراد میں دو مرد، دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس اسلم بنگلزئی کے مطابق ٹویوٹا کرولا رجسٹریشن نمبر BJN-481 تربت کی جانب جا رہی تھی جبکہ باؤزر کراچی کی سمت رواں دواں تھا۔
دونوں گاڑیوں کے درمیان زوردار تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں کار میں سوار تمام 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
کرولا کے ڈرائیور کی شناخت اسلم کے نام سے بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹل ہائی وے پولیس کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی، علاقے کو محفوظ بنایا اور شاہراہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھتے ہوئے ضروری امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس کے مطابق حادثے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے اور دونوں اطراف سے آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کے ورثا اور حادثے سے متعلق مزید معلومات کے لیے کوسٹل ہائی وے پولیس سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

