کوئٹہ(الفجر آن لائن)جنگل پیرعلیزئی کے علاقے سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والے کمسن بچے کو پولیس اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سرانان کے علاقے سے بازیاب کرالیا گیا، جبکہ بچے کو اپنے ساتھ لے جانے والے مبینہ گداگر گروہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق سندھ سے بتایا جاتا ہے اور ان پر الزام ہے کہ وہ بچوں کو اپنے ساتھ مختلف علاقوں میں لے جا کر گداگری کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
پولیس نے مغوی بچے کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ پولیس انٹیلی جنس کی جانب سیشہریوں، والدین، اسکولوں اور مدارس کو پہلے ہی سختی سیہدایت کی گئی تھی کہ وہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور اجنبی افراد، بالخصوص گداگری کے لیے آنے والے گروہوں کے حوالے سے محتاط رہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض گداگر گروہوں کے حوالے سے شکایات سامنے آتی رہی ہیں کہ وہ کمسن بچوں کو اپنے ساتھ مختلف علاقوں میں لے جاتے ہیں اور انہیں گداگری پر مجبور کرتے ہیں۔
بعض واقعات میں بچوں کو جسمانی طور پر نقصان پہنچا کر معذوری کی حالت میں بھیک منگوانے کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں، تاہم ان الزامات کی مکمل تحقیقات ضروری ہیں۔
پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو اکیلا نہ چھوڑیں، مشکوک افراد یا گداگر گروہوں کے حوالے سے فوری طور پر متعلقہ پولیس کو اطلاع دیں اور کسی بھی بچے کے لاپتہ ہونے کی صورت میں بلا تاخیر قانونی اداروں سے رابطہ کریں۔

