کوئٹہ/پشین(الفجرآن لائن) بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے سرانان کلی سلیمان زئی میں ڈبل روڈ کی تعمیر پر مامور نہتے مزدوروں پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 مزدور جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے سڑک کی تعمیر میں مصروف محنت کشوں اور وہاں موجود بھاری تعمیراتی مشینری کو خودکار ہتھیاروں سے نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے اس بزدلانہ واقعے کے بعد پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی مزدور کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متاثرہ مزدوروں کا تعلق پنجاب سے تھا جو یہاں روزگار کے سلسلے میں مقیم تھے۔ سکیورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ دوسری جانب بعض ذرائع اس حملے کو کالعدم تنظیم بی ایل اے سے منسوب کر رہے ہیں تاہم اس کی تاحال کوئی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی

