اسلام آباد(لفجر آن لائن)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد میں کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلازے میں چھپے مزید 50 غیر ملکی گرفتار کرلئے۔
ایف آئی اے کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلازے میں چھپے مزید 50 غیر ملکیوں کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سے پہلے 250 غیر ملکیوں کو اڈیالہ اور اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا۔ غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کرنے کے پہلے مرحلے میں 50 ویتنامی باشندوں کو بھی ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
دوسری جانب نیشنل سائبر کرائم اینڈ انوسٹی گیشن ایجنسی نے 13 سے 21 اگست کے دوران اسلام آباد میں تین مختلف کارروائیوں کے دوران درجنوں غیر ملکیوں کو حراست میں لیا۔
ان غیر ملکیوں کے خلاف، بیرون ملک مقیم شہریوں کے ساتھ آن لائن فراڈ اور بلیک میلنگ کرنے اور جنسی مواد کے ذریعے مالی فائدہ حاصل کرنے کے الزامات کے تحت تحقیقات کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے، این سی سی آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی تحقیقات کا دائرہ پی ٹی اے، ایف بی آر اور ایس ای سی پی تک بڑھا دیا گیا ہے۔
اب تک غیر قانونی طور پر کال سینٹرز چلانے والے گرفتار 671 غیر ملکی شہریوں کو فارن بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزارتِ خارجہ کے ذریعے متعلقہ ممالک کو بھی مبینہ جرائم سے آگاہ کرنے کا عمل جاری ہے۔

