کوئٹہ(الفجرآن لائن) بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے چیئرپرسن عبداللہ خان نورزئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں بھرتیوں اور تعیناتیوں کا عمل مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کے مطابق انجام دیا گیا ہے۔ اتھارٹی میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت انسانی وسائل کی شمولیت سے ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر، جدید اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں تکنیکی شعبے کے لیے انسپکٹرز، ٹیکس آڈیٹرز، سرویئرز، آئی ٹی سے متعلق افسران اور دیگر عملے کی تعیناتی میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ حکومت بلوچستان، بالخصوص وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی واضح پالیسی ہے کہ سرکاری ملازمتیں صرف میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے تحت اہل امیدواروں کو فراہم کی جائیں، اسی وژن کے تحت بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے بھرتیوں کے پورے عمل میں میرٹ کو اولین ترجیح دی عبداللہ خان نورزئی نے بتایا کہ امیدواروں کی اہلیت جانچنے کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے تحریری امتحان کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 468 امیدواروں نے شرکت کی تحریری امتحان میں مقررہ کوالیفائنگ مارکس حاصل کرنے والے 72 امیدوار اگلے مرحلے یعنی انٹرویوز کے لیے اہل قرار پائے، جبکہ حتمی مرحلے میں 21 امیدواروں کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا جس میں دو امیدواروں نے جوائننگ نہیں دی جبکہ 19 منتخب افسران کو وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے دست مبارک سے تقرری لیٹر دئیے جن سے انکی حوصلہ افزائی ہوئی انہوں نے کہا کہ منتخب ہونے والے امیدوار اعلیٰ صلاحیت اور مختلف شعبوں میں خصوصی مہارت رکھنے والے انسانی وسائل پر مشتمل ہیں، جن میں معاشیات، شماریات، قانون، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے ماہرین شامل ہیں۔ ان باصلاحیت نوجوان افسران کی شمولیت سے بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ ہوگا اور ٹیکس وصولی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی چیئرپرسن بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے میرٹ کے ذریعے منتخب کیے گئے نئے افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی جو حکومت کی میرٹ پر مبنی پالیسی اور باصلاحیت نوجوانوں پر اعتماد کا واضح اظہار ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے تعینات ہونے والے افسران اپنی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ دارانہ کردار کے ذریعے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ ٹیکس کسی بھی معاشی نظام کی بنیاد ہوتا ہے، ٹیکس وصولی میں بہتری کے نتیجے میں وسائل کی منصفانہ تقسیم، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے زیادہ وسائل دستیاب ہوتے ہیں۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی کوشش ہے کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور صوبے کے ریونیو نظام کو زیادہ مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے عبداللہ خان نورزئی نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں اصلاحات کے عمل میں گڈ گورننس، میرٹ بیسڈ ریکروٹمنٹ اور ڈیجیٹلائزیشن کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافے اور ٹیکس نظام میں شفافیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے انہوں نے بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں اصلاحات کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور سیکرٹری خزانہ کی جانب سے بھرپور تعاون اور رہنمائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی سرپرستی سے ادارے کو جدید اور مؤثر ریونیو اتھارٹی بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔چیئرپرسن بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور میرٹ پر مبنی انسانی وسائل کے ذریعے بلوچستان ریونیو اتھارٹی مستقبل قریب میں صوبے کے ریونیو میں اضافے، معاشی استحکام اور ترقیاتی عمل میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط ریونیو نظام ہی صوبے کے عوام کو بہتر سہولیات، زیادہ ترقیاتی مواقع اور پائیدار معاشی خوشحالی فراہم کرنے کی بنیاد بن سکتا ہے۔

