کوئٹہ /اسلام آباد (الفجر آن لائن)سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے گوارگو میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ فورسز نے چاغی کے علاقے امین آباد اور سیاہ چنگ میں بھی دہشت گردوں کے خلاف مثر کارروائیاں کرکے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
سکیورٹی فورسز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے
وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

