واشنگٹن(الفجر آن لائن)امریکی ایوان نمائندگان نے روس اور ایران پر نئی پابندیوں اور روسی تیل خریدنے والے ممالک پر بھاری ٹیرف سے متعلق بل منظور کرلیا۔
امریکی ایوان نمائندگان نے ‘لِنڈسے او گراہم سینکشننگ روس اینڈ ایران ایکٹ 2026’ کو 159 کے مقابلے میں 262 ووٹوں سے منظور کر لیا ہے، جسے ایوانِ بالا (سینیٹ) پہلے ہی منظور کر چکا ہے۔
ایوان سے منظوری کے بعد بل حتمی دستخط کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھیج دیا گیا ہے۔ اس قانون سازی کے تحت امریکی صدر کو اختیارات حاصل ہوں گے کہ وہ روس کی توانائی اور دفاعی شعبوں کے ساتھ ساتھ روسی خام تیل و گیس خریدنے والے ممالک—خصوصاً چین اور بھارت—پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کر سکیں۔
بل میں ایران پر پابندیوں میں توسیع اور روسی تیل کی نقل و حمل میں ملوث ‘شیڈو فلیٹ’ کو نشانہ بنانے کی شقیں بھی شامل ہیں۔ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اس بل کا خیرمقدم کیا ہے، جبکہ کریملن نے خبردار کیا ہے کہ نئی پابندیوں سے یوکرین جنگ کے خاتمے کی امن کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

