چمن (الفجرآن لائن) پاک افغان سرحدی علاقے چمن کے گلستان سیکٹر پر افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی حدود میں دراندازی اور جارحیت کی بڑی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ہے۔ شدید جھڑپ کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
عسکری و سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب افغان طالبان کی بارڈر فورس نے چمن سیکٹر میں پاکستانی حدود کے اندر داخل ہونے اور جسمانی حملے (فزیکل ریڈ) کی ناپاک جسارت کی۔ سرحد پر الرٹ تعینات پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دراندازی کی اس کوشش پر فوری اور انتہائی سخت جوابی کارروائی کی، جس کے باعث حملہ آوروں کو پیچھے ہٹنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز کی بھاری اور مؤثر فائرنگ کے نتیجے میں افغان طالبان کی بارڈر فورس کو شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس میں متعدد طالبان اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں اور ان کی متعدد چوکیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک دونوں ممالک کی افواج کے درمیان سرحدی پوزیشنز پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ گلستان اور چمن کے سرحدی علاقوں میں پاک فوج اور فرنٹئیر کور (ایف سی) کے جوان مکمل طور پر چوکس اور ہائی الرٹ ہیں۔ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کی جغرافیائی حدود اور خود مختاری پر ہونے والے کسی بھی حملے یا دراندازی کا ہر وقت، بروقت اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے سیکیورٹی فورسز پوری طرح تیار ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران پاک افغان سرحد پر مختلف مقامات پر شدید کشیدگی دیکھی جا رہی ہے اور عسکری ماہرین کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے سرحد پار چھپے دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

