کوئٹہ (الفجرآن لائن)۔ بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے افغانستان کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ اپنی خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری طرح تیار رہتا ہے۔ اگر کسی نے بھی پاکستان کی طرف میلی نظر سے دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی بہادر فوج سرحدوں پر الرٹ بیٹھی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے کابل حکومت پر زور دیا کہ وہ غلط فہمیوں کی دنیا سے نکل کر اصلی حقائق کا سامنا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اب اس خوش فہمی میں مبتلا ہو چکا ہے کہ وہ ایک بڑی طاقت بن گیا ہے، اور وہ اس مغالطے میں ہے کہ اس نے سوویت یونین کو شکست دی تھی۔ انہوں نے افغان قیادت کو اپنی حدود میں رہنے اور زمینی حقائق کو تسلیم کرنے کا مشورہ دیا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے افغانستان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک دیگر ممالک کے مفادات اور ہندوستان و اسرائیل کے پیسوں کے زور پر پاکستان کے ساتھ تصادم کی راہ اختیار کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو جنگی جنون، بیرونی اشاروں اور فنڈنگ پر تکیہ کرنے کے بجائے ایک اچھے اور ذمہ دار ہمسائے کی طرح پاکستان کے ساتھ تعلقات استوار کرنے چاہئیں، کیونکہ پاکستان ایک پرامن اور اسلامی ملک ہے جہاں لاکھوں علماء کرام اور محب وطن عوام موجود ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے، اس لیے افغان حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے ملک کو ایک نئی جنگ کی آگ میں دھکیلنے کے بجائے اپنے عوام کو پہلے سے جاری جنگ و جدل کے عذاب سے نکالے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں خبردار کیا کہ اگر افغانستان نے پاکستان کے خلاف کسی قسم کی جارحیت یا لڑائی کی کوشش کی، تو عبرتناک شکست افغانستان کا مقدر بنے گی

