کوئٹہ (الفجرآن لائن) حکومت بلوچستان کے معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے افغانستان کی جانب سے ضلع قلعہ عبداللہ کے گلستان سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سرحدی حدود اور خودمختاری کی خلاف ورزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
معاون داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی ہٹ دھرمی اور مسلسل اشتعال انگیزی خطے کے امن و امان کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ افغانستان کی سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا شدید تشویشناک ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ اب خطے کے پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے، اور افغان انتظامیہ کو اپنی سرزمین پر موجود پاکستان دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔
بابر یوسفزئی نے پاکستان دشمن قوتوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پار بیٹھ کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا خواب دیکھنے والے بڑی غلطی پر ہیں۔ پاکستان دشمن عناصر اور ان کے سہولت کار ملک کے عزم اور قومی یکجہتی کو آزمانے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی غیور عوام اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار پڑوسی کے طور پر خطے میں امن، استحکام اور بھائی چارے کی خواہش کی ہے، لیکن ہماری اس امن پسندی کو کسی بھی طور پر ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیت کے مطابق کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل طاقت رکھتا ہے، اور اپنی سرزمین کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکنہ اور ضروری اقدام اٹھانے کا حق محفوظ

