کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر ملک کے مایہ ناز سابق انٹرنیشنل فٹ بالر محمد عیسیٰ کا علاج سرکاری اخراجات پر شروع کر دیا گیا ہے۔ اس بات کی تصدیق معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کی ہے۔
معاون اطلاعات شاہد رند کے مطابق سابق قومی فٹ بالر محمد عیسیٰ اس وقت شدید علالت کے باعث کراچی کے ضیاء الدین اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ان کی بیماری کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی تھی کہ محمد عیسیٰ کے علاج معالجے کے تمام تر اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی، جس کے بعد ان کا باقاعدہ علاج شروع کر دیا گیا ہے۔
شاہد رند کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور قومی ہیروز کی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت سابق قومی و عالمی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود، دیکھ بھال اور مشکل وقت میں ان کے علاج معالجے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

