راولپنڈی (الفجر آن لائن) بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں ایک مؤثر کارروائی کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی تخریبی سرگرمیوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد این-40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی سمیت دیگر تخریبی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم برقرار ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی اور نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں

