اسلام آباد (الفجر آن لائن) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست بھجوا دی گئی ہے۔
یہ درخواست عشبہ کامران نامی شہری نے سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کو بھجوائی ہے۔
درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعمیل نہیں کی۔ کوئی بھی آئینی عہدہ دار یا ادارہ آئین و قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
متن کے مطابق سپریم کورٹ نے سرکاری منصوبوں میں ذاتی تشہیر پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا، تاہم لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے پر عمل درآمد کی بجائے ایک لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل معاملے کی آئینی و قانونی شقوں کے تحت جانچ پڑتال کرے اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے خلاف آئین کے آرٹیکل 189، 190 اور 209 کے تحت کارروائی کی جائے
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ 16، 23 اور 24 ستمبر کی عدالتی کارروائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ کرنے کا حکم دیا جائے۔

