راولپنڈی(الفجر آن لائن) مری میں سکول وین بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں وین میں آگ بھڑکنے سے 10 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مری انتظامیہ، پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی بچوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی طبی امداد کے بعد جھلسنے والے 5 بچوں کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا، جہاں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے زخمی بچوں کی عیادت کی اور ان کے والدین سے ملاقات کی۔
ہولی فیملی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اعجاز بٹ نے ڈپٹی کمشنر کو بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی امداد اور ان کی موجودہ حالت سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے زخمی بچوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بچوں کے والدین اور عزیز و اقارب کی ضروریات کا بھی خیال رکھا جائے۔
ایم ایس ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر اعجاز بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ مری سکول وین حادثے میں زخمی ہونے والے دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ان کے مطابق ایک بچہ تقریباً 80 فیصد جبکہ دوسرا 70 فیصد سے زائد جھلسا ہوا ہے، دونوں کو آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا ہے

