کوئٹہ(الفجرآن لائن) معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ پشین کے علاقے میں بوستان پولیس اسٹیشن کو جلائے جانے یا تباہ کیے جانے کی سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر چلنے والی خبریں بالکل بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اور پولیس اہلکاروں کی بہادری کے باعث دہشت گردوں کا حملہ بری طرح ناکام بنا دیا گیا ہے۔
معاون داخلہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں تھانہ بوستان پر حملہ کیا اور شدید فائرنگ کی۔ تاہم، وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے انتہائی بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پوزیشنیں سنبھالیں اور آخری گولی تک دشمن کا مقابلہ کیا۔ پولیس کی اس سخت اور مؤثر مزاحمت کے باعث تھانے کی مرکزی عمارت مکمل طور پر محفوظ رہی اور دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہو کر تھانے پر قبضہ نہ کر سکے۔
بابر یوسفزئی کے مطابق، حملے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس پشین، اینٹی ٹیررسٹ فورس (ATF) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئی۔ سیکیورٹی فورسز کی تیز رفتار پیش قدمی اور پولیس کی شدید جوابی کارروائی کے باعث دہشت گردوں کو پسپائی اختیار کرنا پڑی، جس کے بعد وہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے احاطے میں کھڑی دو گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔ معاون برائے داخلہ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر کھڑی ہے اور صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

