قصور (الفجر آن لائن) پاک بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب قصور کے علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی۔
واقعے سے متعلق بھارتی ذرائع کی رپورٹنگ میں ہلاک ہونے والوں کو مشتبہ درانداز قرار دیا گیا ہے، تاہم دونوں جانب سے واقعے کی تفصیلات میں واضح اختلاف موجود ہے۔
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین مقامی شہری بارڈر پلر کے قریب موجود تھے کہ بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے ان پر فائرنگ کردی۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تینوں شہری نہتے تھے اور کسی نے بھی سرحدی باڑ عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔
فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق جٹاں والی حویلی، لدھڑ سے بتایا گیا ہے۔
مقامی پاکستانی ذرائع اور بعض پاکستانی میڈیا رپورٹس نے بھی یہی تفصیلات جاری کی ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا اور حکام سے منسوب رپورٹس میں واقعے کو پنجاب کے ترن تارن سیکٹر میں مبینہ دراندازی کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔
بھارتی رپورٹس کے مطابق بی ایس ایف اہلکاروں نے مشتبہ افراد کو رکنے
کی وارننگ دی، جس کے بعد فائرنگ کی گئی اور دو افراد ہلاک ہوئے بعض بھارتی رپورٹس میں ہلاک افراد کی شناخت بھی فوری طور پر غیر واضح بتائی گئی ہے۔
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کا مؤقف ہے کہ واقعے میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد عام شہری تھے اور انہوں نے سرحدی باڑ عبور کرنے کی کوشش نہیں کی۔
ذرائع نے واقعے کو سرحدی معاہدوں اور طے شدہ طریقہ کار کی خلاف ورزی قرار دیا ہے

