تعلیمی سہولیات کی کمی کے خلاف مظاہروں میں شدت، ایک ہزار سے زائد ہائی اسکول متاثر، متعدد جامعات میں بھی احتجاج
پیرس(الفجر آن لائن) فرانس میں تعلیمی سہولیات کی کمی اور اسکولوں میں مختلف مسائل کے خلاف شروع ہونے والا طلبہ احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے،
جس کے باعث ملک بھر میں 400 سے زائد اسکول بند کر دیے گئے جبکہ متعدد تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل آن لائن منتقل کیا گیا ہے۔
فرانسیسی وزیر تعلیم ایدوار جفری کے مطابق حالیہ احتجاج کے دوران 65 تعلیمی عملے کے ارکان زخمی ہوئے، جن میں 40 اسکول سربراہان بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 100 سے زائد اسکولوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث کئی اداروں میں معمول کی تدریس ممکن نہیں رہی۔
حکومت کے مطابق احتجاج کا آغاز اساتذہ اور دیگر عملے کی کمی، کلاس رومز میں گنجائش سے زیادہ طلبہ اور تعلیمی عمارتوں کی خستہ حالی کے خلاف ہوا تھا،
تاہم بعد میں تحریک نے شدت اختیار کرلی اور بعض مقامات پر پرتشدد واقعات بھی پیش آئے۔
فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق ملک بھر میں مظاہروں اور جھڑپوں کے دوران ایک ہزار 949 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 305 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ایک ہزار 27 ہائی اسکول کسی نہ کسی صورت میں احتجاج سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں 222 اداروں کے داخلی راستے مکمل یا جزوی طور پر بند کیے گئے۔

