ممبئی (الفجرآن لائن) بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی چیف مینیجر پوجا ڈاڈلانی کی ماہانہ آمدن اور دیگر مالی معاملات سے متعلق تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
پوجا ڈاڈلانی گزشتہ 14 برس سے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے 2012 میں اداکار کے ساتھ کام کا آغاز کیا تھا اور وقت کے ساتھ شاہ رخ کی چیف مینیجر کے علاوہ ان کی برانڈ اسٹریٹجسٹ اور قابل اعتماد ساتھی بھی بن گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پوجا ڈاڈلانی کو شاہ رخ خان کی جانب سے تقریباً 70 لاکھ بھارتی روپے ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ 42 سالہ پوجا ڈاڈلانی نے حال ہی میں ممبئی کے علاقے باندرہ میں تقریباً 38 کروڑ 21 لاکھ بھارتی روپے مالیت کا ایک لگڑری اپارٹمنٹ خریدا ہے۔
پوجا ڈاڈلانی شاہ رخ خان کے فلمی شیڈول، تعلقات عامہ، برانڈ معاہدوں اور کاروباری معاملات کی نگرانی کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ شاہ رخ خان کی ملکیت میں شامل کاروباری ادارے ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے متعلق امور بھی دیکھتی ہیں۔
پوجا کی شاہ رخ خان کے ساتھ طویل وابستگی کے باعث انہیں اداکار کے قریبی اور قابل اعتماد ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
شاہ رخ خان ان دنوں اپنی نئی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ فلم کی ریلیز 24 دسمبر کو شیڈول ہے۔

