واشنگٹن(الفجر آن لائن) معروف امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے غزہ میں ہونے والی تباہی پر آواز بلند کرتے ہوئے سیٹلائٹ تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کردی ہیں۔
انجلینا جولی نے اپنی پوسٹ میں گوگل ارتھ پر موجود تصاویر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ذریعے غزہ میں ہونے والی تباہی کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
ان کے مطابق غزہ کے کئی پورے پورے محلے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں جبکہ گھروں، اسکولوں، جامعات، اسپتالوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
امریکی اداکارہ نے زور دیا کہ سردیوں کی آمد سے قبل غزہ کے متاثرہ لوگوں کو رہائش اور ضروری انسانی امداد کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے اسپتالوں کے لیے طبی سامان کی فراہمی اور غزہ کے عوام کو تعمیرِ نو کے لیے ضروری حالات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب غزہ کی تعمیرِ نو سے متعلق بورڈ آف پیس نے چھ ماہ کے دوران 2 ارب 45 کروڑ ڈالر خرچ کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے میں غزہ کے بنیادی ڈھانچے اور معیشت کی بحالی کے لیے 66 پروگرام شامل ہیں۔

