لاہور (الفجر آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امراء رائیونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومت کو درپیش چیلنجز، داخلی و قومی سلامتی اور امن و امان سے متعلق معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کی وجوہات سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر عوامی مسائل کے حل، حکومتی پالیسیوں اور عوامی فلاح کے لیے جاری اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں ملک کی داخلی سلامتی اور قومی سلامتی کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔
ذرائع کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے، دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور انسداد دہشتگردی سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ ملکی حالات اور سیکیورٹی چیلنجز کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر نواز شریف کو بریفنگ دی،
جبکہ دونوں رہنماؤں نے ملک میں سیاسی استحکام اور امن و امان کے قیام کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی موجودگی میں پنجاب کی صورتحال اور عوامی ریلیف سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
رہنماؤں نے موجودہ حالات میں حکومتی اقدامات کو مؤثر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر بھی بات چیت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں آئندہ کے حکومتی اقدامات اور اہم معاملات پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

