مریدکے (الفجرآن لائن) مریدکے میں لیسکو کے ایکسیئن ملک رب یار کے اندوہناک قتل کیس میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے مبینہ قاتل کو ٹریس کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران مبینہ طور پر سامنے آیا ہے کہ
قتل میں ملوث ملزم کا تعلق بھی لیسکو سے ہے اور وہ مریدکے ملی اسسٹنٹ لائن مین (اے ایل ایم) کے طور پر تعینات تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول ایکسیئن ملک رب یار کی تعیناتی کے دوران ملزم کے خلاف مبینہ کرپشن کے الزامات پر دو مرتبہ محکمانہ
کارروائی کی گئی، جس کے بعد اسے ملازمت سے برخاست کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر ملازمت سے برخاستگی کی رنجش پر ایکسیئن ملک رب یار کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔
ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر واردات سے قبل منصوبہ بندی کے تحت اپنے تمام مویشی، بیوی، بچوں اور بہن، بہنوئی کے ہمراہ علاقہ چھوڑ دیا تھا اور فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ اسے گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے کارروائی جاری ہے۔

