لاہور(الفجرآن لائن) پنجاب بھر میں آج سے 15 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات،شاہراہوں اورکھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس، ریلی، جلسے اور دھرنے پر پابندی عائد ہوگی۔
عوامی مقامات پرہرقسم کے ہتھیار لے جانے اور انکی نمائش،جبکہ غیرقانونی اجتماعات میں شرکت کے لیے لوگوں کو اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات،نماز جنازہ، تدفین،مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پرنہیں ہوگا، عدالتیں،حکومتی ادارے اورباضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلیجنس ایجنسیوں اور ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا،
قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں سے فوری نوعیت کے خطرات کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں،
انٹیلیجنس رپورٹس میں دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ عوامی اجتماعات دہشت گرد حملوں کے لیے ممکنہ آسان ہدف بن سکتے ہیں، اسی لیے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

