اسلام آباد(الفجرآن لائن)ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیاہے۔
پھلوں،سبزیوں اور دالوں سمیت 20اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مزید 0.57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح تقریبا 12 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ہفتہ وار بنیادوں پر سالانہ مہنگائی کی شرح 11.97 فیصد ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ صرف 6 اشیا سستی ہوئیں۔
ہفتہ وار بنیادوں پر آٹے کی قیمت میں 5.69 فیصد، مرغی کے گوشت میں 4.93 فیصد اور دال چنے میں 3.99 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح پیٹرول اور ٹماٹر کی قیمتوں میں 2.40 فیصد، دال مسور میں 1.29 فیصد اور تیار چائے میں 1.08 فیصد اضافہ ہوا۔
لہسن، ایل پی جی، سگریٹ، دہی، بریڈ، انڈے، پیاز اور بچوں کا خشک دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔دوسری جانب ہفتہ وار بنیاد پر کیلے 2.81 فیصد، ڈیزل 1.37 فیصد، آلو 0.89 فیصد اور چینی 0.37 فیصد سستے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں 100.24 فیصد، ایل پی جی میں 68.55 فیصد، بجلی کے نرخوں میں 58.59 فیصد، پیٹرول میں 47.52 فیصد، ڈیزل میں 42.52 فیصد اور آٹے میں 32.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح مرچ پاڈر 15.55 فیصد، مٹن 15.02 فیصد، بیف 12.60 فیصد، مرغی 9.44 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 8.99 فیصد مہنگی ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں آلو 39.51 فیصد، ٹماٹر 37.07 فیصد، چینی 22.44 فیصد، انڈے 18.88 فیصد، نمک پاؤڈر14.81فیصد، دال مسور 9.79 فیصد، گڑ 8.59 فیصد اور دال مونگ 8.37 فیصد سستی ہوئی

