کراچی(الفجر آن لائن)ایف آئی اے امیگریشن نے ملک بھر میں ائیرپورٹس، سی پورٹس اور ڈرائی پورٹس کیلئے 12 صفحات پر مشتمل قابل ستائش نیا اسٹینڈنگ آرڈر جاری کردیا ہے جس کے تحت ایف آئی اے کی جانب سے اب کسی کو بھی زبانی کلامی آف لوڈ نہیں کیا جا سکے گا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق 2005 کا اسٹینڈنگ آرڈر منسوخ کرتے ہوئے اسٹینڈنگ آرڈر نمبر 07/2026 فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور وقتا فوقتا اس کا جائزہ لیا جائے گا۔
نئے اسٹینڈنگ آرڈر نے امیگریشن افسران کے جاب ڈسکرپشن سے متعلق عمومی ذمہ داریوں سے متعلق سابقہ ہدایات بھی اس حد تک ختم کردی ہیں جہاں وہ نئے اسٹینڈنگ آرڈر سے متصادم ہوں۔
دستاویز کے مندرجات سے واضح ہوتا ہے کہ نئے نظام میں امیگریشن فیصلوں کو زبانی کارروائی کے بجائے باقاعدہ ڈیجیٹل ریکارڈ، تحریری فیصلے، رسک بیسڈ جانچ، افسر کی ذمہ داری اور IBMS میں مکمل ریکارڈنگ سے منسلک کیا گیا ہے۔

