پشاور (الفجرآن لائن)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں پہلی بار ایک پیج پر ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے مشکل کام سیکیورٹی اہلکاروں نے کیا ہے، جنہیں وہ بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورت حال، دہشتگردی کے خاتمے، سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کی بحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہیں، سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ ریاست نے ہم پر اعتماد کیا ہے تو ہمیں اپنی کارکردگی سے فرق واضح کرنا ہوگا۔
دائیں بائیں توجہ دینے کے بجائے اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے اور محدود وسائل کے باوجود صوبے میں ترقیاتی کام نظر آنے چاہئیں۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کے عوام آج بھی آزادانہ زندگی اور سفر کی سہولتوں سے محروم ہیں۔
انہیں امن، خوشحالی اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، تیل، گیس اور معدنیات سے مالا مال ہے۔ صوبے میں امن قائم ہوگا تو سیاحت بڑھے گی، سرمایہ کاری آئے گی اور کاروبار ترقی کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں پہلی بار ایک پیج پر ہیں ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے مشکل کام سیکیورٹی اہلکاروں نے کیا ہے، جنہیں وہ بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مشکل حالات میں اپنے پیاروں کے جنازوں میں شرکت کرنے والے مقامی لوگوں کی ہمت کو بھی سلام پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صوبائی حکومت کو خود قیادت کرنا ہوگی۔ یہ جنگ صرف بیانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے جیتی جا سکتی ہے۔

