اسلام آباد (الفجر آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیلی کمیونیکیشن ری آرگنائزیشن (ترمیمی) بل کی بعض شقوں پر سامنے آنے والے تحفظات کے پیش نظر ان پر نظرثانی کے لیے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی ہے۔
کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کریں گے۔کمیٹی میں سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، اٹارنی جنرل منصور اعوان سمیت قانون اور آئی ٹی شعبوں کے ماہرین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بل کی متعلقہ شقوں کا جلد از جلد جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے۔حکومتی ذرائع کے مطابق کمیٹی ٹیلی کمیونیکیشن ری آرگنائزیشن ترمیمی بل کی شق 2(qb)، 2(ma)، سیکشن 27A اور 27B کا خصوصی طور پر جائزہ لے گی، جن کا تعلق رائٹ آف وے فریم ورک سے ہے۔
ان شقوں کے حوالے سے مختلف حلقوں کی جانب سے تحفظات سامنے آئے تھے، جس کے بعد وزیراعظم نے معاملے کی جامع جانچ کا فیصلہ کیا۔کمیٹی ٹیلی کمیونیکیشن تنصیبات کے قیام، نجی ملکیتی اراضی، اور مجموعی طور پر ہاؤسنگ سوسائٹیز میں رائٹ آف وے کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی تجاویز مرتب کرے گی۔
توقع ہے کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بل کی متنازع شقوں میں ضروری ترامیم یا وضاحتیں کی جائیں گی تاکہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی توسیع اور نجی املاک کے حقوق کے درمیان توازن قائم کیا جا سکے۔
