بیروت (الفجر آن لائن) لبنان کے مرکزی بینک نے جنوبی شہر نباطیہ میں اپنی ایک شاخ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے“براہِ راست اور دانستہ حملہ”قرار دیا ہے۔
بینک آف لبنان نے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے نباطیہ میں واقع مرکزی بینک کی برانچ کو براہِ راست نشانہ بنایا، جو لبنانی ریاستی اداروں کا ایک اہم حصہ ہے۔مرکزی بینک کے مطابق حملے کے وقت عمارت خالی تھی، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم عمارت کو مادی نقصان پہنچا۔
بینک نے اس کارروائی کو لبنانی ریاستی اداروں پر دانستہ حملہ قرار دیتے ہوئے امریکا اور اس کے اتحادیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ شہریوں اور لبنان کے سرکاری اداروں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر چکی ہے۔
اگرچہ جمعے کو تہران اور واشنگٹن کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت نئی جنگ بندی کا اعلان سامنے آیا تھا، تاہم اس کے باوجود نباطیہ کے علاقے میں اسرائیلی حملے اور حزب اللہ کے ساتھ جھڑپیں جاری ہیں۔
لبنانی سرکاری میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیل نے نباطیہ کے اطراف تقریباً 20 مقامات پر فضائی حملے کیے، جبکہ ملک کے سول ڈیفنس ادارے کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں 16 افراد ہلاک ہوئے۔ خبر رساں ادارے کے فوٹوگرافر نے نباطیہ شہر کے اوپر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے، جو حملوں کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے رات کے وقت اسرائیلی فورسز کو اس وقت روکا جب وہ نباطیہ شہر پر نظر رکھنے والی اہم پہاڑیوں کی جانب دراندازی کی کوشش کر رہی تھیں۔ تازہ جھڑپوں نے اس خدشے کو مزید بڑھا دیا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں صورتحال تیزی سے بگڑ سکتی ہے
