نواں کلی پشتونستان چوک میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 16 افراد گرفتار
ضلعی انتظامیہ کا شہر بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان، ضبط شدہ سامان میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حوالے
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیاضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی و اسپیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹریفک پولیس اور سٹی پولیس کے ہمراہ مسجد روڈ، سورج گنج بازار اور جمال الدین افغانی روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران 60 سے زائد غیرقانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، جبکہ تجاوزات کے دوران ضبط کیا گیا سامان قانونی ضابطے کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حوالے کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر کوئٹہ محمد یوسف ہاشمی کی سربراہی میں نواں کلی پشتونستان چوک میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے 16 افراد کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ تجاوزات میں استعمال ہونے والا متعدد سامان بھی ضبط کر لیا گیا
ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ عوامی مقامات، فٹ پاتھوں اور شاہراہوں پر غیرقانونی تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور سرکاری اراضی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی

