کوئٹہ( الفجرآن لائن) بلوچستان کے ضلع شیرانی میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد جاں بحق اور 8 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ افسوسناک حادثہ جمعہ کی علی الصبح دانا سر کے پہاڑی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار بس بے قابو ہو کر گہرائی میں جا گری۔
حکام کے مطابق مسافر بس کوئٹہ سے اسلام آباد جا رہی تھی۔ راستے میں ایک اور بس خراب ہونے کی وجہ سے اس کے مسافروں کو بھی اسی بس میں سوار کر لیا گیا تھا، جس کی وجہ سے گاڑی اوور لوڈ ہو چکی تھی۔ تیز رفتاری اور اوور لوڈنگ کے باعث ڈرائیور موڑ کاٹتے ہوئے بس پر قابو نہ رکھ سکا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو 80 فٹ گہری کھائی سے نکال کر ژوب کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے

