تاشقند (ویب ڈیسک) ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ازبکستان اور پرتگال کے میچ کی لائیو اسکریننگ کے موقع پر پاکستان کی عالمی معیار کی فٹ بال انڈسٹری کی بھرپور نمائش کی گئی۔ پاکستان کے تجارتی مشن نے مقامی حکام کے تعاون سے بنیادکور اسٹیڈیم اور ہیومو ایرینا میں خصوصی پروموشنل سرگرمیوں کا انعقاد کیا، جہاں ہزاروں ازبک فٹ بال شائقین میچ دیکھنے کے لیے جمع تھے۔ اس موقع پر فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل میچ بال ’ٹریونڈا‘ کو خصوصی طور پر پیش کیا گیا، جسے پاکستان کے شہر سیالکورٹ کی معروف کمپنی ’فارورڈ اسپورٹس‘ نے تیار کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے تاشقند میں پاکستانی تجارتی مشن کی ان مخلصانہ کوششوں کو دلی طور پر سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اسپورٹس پلیٹ فارم پر ملکی مینوفیکچرنگ کی مہارت کو اجاگر کرنا پبلک ڈپلومیسی کا بہترین استعمال ہے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو سیالکوٹ کے کاریگروں پر فخر ہے جن کی تیار کردہ پریمیم کوالٹی کی فٹ بالز دنیا کے سب سے بڑے مقابلوں میں استعمال ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات سے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے ابھرتا ہے اور عالمی مارکیٹ میں ملک کی ساکھ ایک قابلِ اعتماد اور مسابقتی مینوفیکچرنگ حب کے طور پر مضبوط ہوتی ہے۔
تجارتی مشن نے مقامی آبادی تک پیغام پہنچانے کے لیے فارورڈ اسپورٹس کی پروموشنل ڈاکومنٹری کا ازبک زبان میں ترجمہ کروا کر دونوں اسٹیڈیمز میں میچ سے قبل نشر کیا۔ اس دستاویزی فلم میں سیالکوٹ میں فٹ بال کی تیاری کے عالمی معیار اور جدید ٹیکنالوجی کو دکھایا گیا۔ ایونٹ کے دوران سفارت خانے کے نمائندوں نے تاشقند شہر کے گورنر شوکت عمرزاکوف کو پاکستان میں تیار کردہ ’ٹریونڈا‘ فٹ بال کا تحفہ بھی پیش کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کا مظہر ہے۔ تجارتی مشن کا کہنا ہے کہ ازبکستان کے کاروباری طبقے اور عوام میں پاکستان کی برآمدی صلاحیتوں سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے آنے والے ہفتوں میں مزید ایسی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

