وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار،متعلقہ انتظامی افسران حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں،واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ( الفجرآن لائن)حکومتِ بلوچستان نے دانہ سر کے پہاڑی علاقے میں پیش آنے والے مسافر بس حادثے پر شدید رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی شاہد رند نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر پوری صوبائی حکومت سوگوار ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

معاونِ وزیر اعلیٰ شاہد رند کے مطابق، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی نزدیکی صوبائی متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح متاثرین کو فوری طبی امداد کی فراہمی اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کرنا ہے۔
اس وقت دانہ سر کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، لیویز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ حکومتِ بلوچستان نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
حکومتِ بلوچستان نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے پسماندگان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔

