اسلام آباد( الفجرآن لائن) امریکی محکمہ خارجہ نے ایک باضابطہ بیان میں واضح کیا ہے کہ واشنگٹن دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اپنے دفاع کے حق کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام نے طویل عرصے سے پرتشدد انتہا پسندی اور دہشت گردی کے باعث بے پناہ نقصان اٹھایا ہے، اس لیے ملک کو اپنی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کا پورا حق حاصل ہے۔
یہ اہم سفارتی بیان کراچی میں پاکستانی پیراملٹری فورسز پر ہونے والے حالیہ شدت پسندانہ حملے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (TTP) کے ایک دھڑے نے قبول کی تھی۔ اس حملے کے ردعمل میں پاک افغان سرحد پر فوجی کشیدگی میں اضافہ ہوا، جہاں پاکستان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں فضائی کارروائیاں کی گئیں اور افغان طالبان کی طرف سے جوابی فائرنگ کے بعد بلوچستان میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے چار ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
اسلام آباد طویل عرصے سے کابل پر یہ الزام عائد کرتا رہا ہے کہ افغان طالبان کی سرپرستی میں ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغان سر زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ دوسری جانب، افغان طالبان ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسے پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے اس حالیہ بیان کو خطے میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کے اعتراف اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے سفارتی تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہم دیکھا جا رہا ہے

