، پی ڈی ایم اے محکمہ صحت، ایف سی اور دیگر ادارے متحرک، فوری اقدامات میں معاونت پر حکومت خیبرپختونخوا کے مشکور ہیں، شاہد رند معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ ( الفجرآن لائن) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے مسافر بس حادثے کے فوری بعد حکومت بلوچستان کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے، محکمہ صحت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ متعدد ایمبولینسز کے ذریعے زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر ژوب منتقل کیا جا رہا ہے۔ طبی عملہ، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز اور دیگر متعلقہ اہلکار متاثرین کو بروقت طبی امداد اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے بھی ریسکیو سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا جاررہا ہے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان ریسکیو سرگرمیوں میں بھرپور تعاون اور فعال معاونت پر خیبرپختونخوا حکومت، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور طبی ٹیموں کی شکر گزار ہے، جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں بروقت اقدامات کرتے ہوئے انسانی جانوں کو بچانے اور امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے میں قابلِ قدر کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی خود صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ ریسکیو اور ریلیف آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام متاثرین کو مکمل امداد اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی نہیں بنا دی جاتی۔

