کوئٹہ (ویب ڈیسک) ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ کے معروف "کابل جان ہوٹل” کے مالک محمد ہاشم نورزئی کے اندھے قتل کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن سے ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ محمد ہاشم نورزئی کو گزشتہ دنوں 27 جون کی علی الصبح اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ کچلاغ سے کوئٹہ شہر کی طرف جا رہے تھے۔ کچلاک بائی پاس پر بلیلی کے قریب گھات لگائے مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ مقتول کے لواحقین کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔
اس سفاکانہ قتل کے خلاف کوئٹہ کی تاجر برادری اور لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ کو بلاک کر دیا تھا، جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ اگرچہ پولیس ذرائع ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کر رہے ہیں، تاہم تاحال محکمہ پولیس کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ پریس کانفرنس یا آفیشل ہینڈ آؤٹ جاری نہیں کیا گیا

