کراچی ( الفجرآن لائن) کراچی میں اپنے جوان بیٹے کو قتل کرنے والے باپ نے جرم کا اعتراف کرلیا۔پولیس کے مطابق باپ نے نافرمانی پر 17 سالہ بیٹے کو بہیمانہ تشدد کرکے قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ مقتول نوجوان 6، 7 روز سے گھر سے غائب تھا اور اہلخانہ اسے تلاش کررہے تھے۔ گزشتہ روز نوجوان گھر آیا تو والد نے چارپائی سے باندھ کر شدید تشدد کیا۔ نوجوان کو والد نے باندھ کر ڈنڈے اور دیگر چیزوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔والد نے اپنے بیان میں بتایا کہ بیٹا نشے کی لت میں مبتلا ہوگیا تھا، غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز شام میں پیش آیا،جس کے بعد نوجوان کی خاموشی سے تدفین کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی اور لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔مقتول نوجوان 4 بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، جب کہ اس کا والد رکشہ ڈرائیور ہے۔ گرفتار ملزم کا تعلق صوابی سے ہے، جس کے خلاف بیٹے کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

