وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف، وزیراعلی بلوچستان اور سول و عسکری قیادت شریک ہوگی
کوئٹہ(الفجر آن لائن)بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج (جمعرات)کو وزیراعلی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزرا، اعلی سول و عسکری حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران شرکت کریں گے۔
اجلاس میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات، امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں امن کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم فیصلوں اور نئی حکمت عملی کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ذرائع کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال کو مزید مثر بنانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنے اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

