اسلام آباد ( الفجرآن لائن) وزارتِ اطلاعات و نشریات میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس کے تحت گریڈ 20 کی سینئر افسر رائیسہ عادل کو نیا پرنسپل انفارمیشن آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق، رائسہ عادل اس سے قبل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ میں بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل خدمات انجام دے رہی تھیں۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کا یہ عہدہ انتہائی کلیدی حیثیت رکھتا ہے، جو حکومت اور میڈیا کے مابین روابط کو منظم کرتا ہے۔ یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
اسی بڑے انتظامی ردوبدل کے تسلسل میں وزارتِ اطلاعات نے ایک اور اہم نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے گریڈ 20 کے افسر محمد شہزاد کا بھی تبادلہ کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد شہزاد، جو اس وقت ڈائریکٹر جنرل، ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے، انہیں فوری طور پر ڈائریکٹر جنرل، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے۔ 9 جولائی 2026 کو جاری ہونے والے اس حکم نامے کے مطابق ان کی یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گی۔
دوسری جانب، سابق پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن کو وزارتِ اطلاعات کے ڈیجیٹل ونگ کی کمانڈ سونپ دی گئی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت انفارمیشن گروپ کے گریڈ 20 کے سینئر افسر مبشر حسن کو فوری طور پر ڈائریکٹر جنرل، ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ تعینات کیا گیا ہے۔ مبشر حسن ایک انتہائی تجربہ کار افسر ہیں اور ماضی میں سرکاری خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان‘ کے مینیجنگ ڈائریکٹر سمیت کئی اہم عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ حکومت کا یہ فیصلہ ڈیجیٹل میڈیا کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات میں ہونے والے ان اہم ترین تقرریوں اور تبادلوں کا مجموعی مقصد سرکاری پبلسٹی، میڈیا مینیجمنٹ اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبوں کو مزید فعال، تیز رفتار اور منظم بنانا ہے۔ تمام سینئر افسران نے فوری طور پر اپنے نئے عہدوں کا چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا ہے۔

